زمانہ ظلم و تشدد کی رہ پہ ہے شارب
Manqabat
by Syed Iqbal Rizvi Sharib
خود اپنے واسطے رحمت کا در کھلا رکھیے
رسولِ پاک سے مضبوط رابطہ رکھیے
جو شہرِ علم میں جانے کا مدّعا رکھیے
تو بابِ علم کی چوکھٹ سے راستہ رکھیے
چراغِ حبِ علی قلب میں جلا رکھیے
قراں کے ساتھ امامت کا سلسلہ رکھیے
رسولِ پاک سے مضبوط رابطہ یعنی
جو اجر آپ پہ لازم ہے وہ ادا رکھیے
جو حق کی ضد میں کھڑا ہے وہی تو باطل ہے
علی کی ضد میں جو آئے اسے جدا رکھیے
نزولِ رحمت و برکت کی خواہشیں ہیں تو پھر
درو نِ خانہ کبھی مجلسِ عزا رکھیے
ہے زید ایسا گنہگار اور بکر ویسا
کبھی تو اپنے مقابل بھی آئینہ رکھیے
زمانہ ظلم و تشدد کی رہ پہ ہے شارب
ضروری ہے کہ نصابوں میں کربلا رکھیے
|